بھارتی اقدامات خطے کی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں،پاکستان

اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر ذمہ دارانہ اور جنگی جنون پر مبنی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کا بیان پاکستان دشمنی اور انکی جنونیت کا عکاس اور انتہا پسندانہ سوچ کا مظہر ہے۔بھارتی اقدامات خطے کی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر اعظم مودی کے غیر زمہ دارانہ اور جنگی جنون پر مبنی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کابیان انکی انتہا پسندانہ سوچ کا مظہر اور کشمیر مخالف ، اقلیتی مخالف اور انکی امتیازی پالیسیوں پر عالمی تنقید اور ملکی سطح پر بڑھتی ہوئی بے چینی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان کی جانب سے بالا کوٹ مہم جوئی کا فوری اور موثر جواب ،طیارے کا مار گرانا اور پائلٹ کی گرفتاری ہماری مسلح افواج کی تیاری،عزم اور صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ترجمان نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارتی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ اقدامات کا نوٹس لے،جس سے خطے کے امن و سلامتی خطرات لاحق ہیں ۔ توقع ہے کہ خطے کے پائیدار امن و اسحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائیگا۔