عالمی برادری کو پاکستان کی فعال سرگرمیوں کو تسلیم کرنا چاہیے،چین

بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق مقامی سسٹم کو مستحکم کرنے میں بڑی کاوشیں اور پیش رفت کی ہے۔ اس سلسلے میں عالمی برادری کو پاکستان کی فعال سرگرمیوں کو تسلیم اور حوصلہ افزائی کرنا چاہیے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف ایک اہم بین الاقوامی فورم ہے، دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام اور منی لانڈرنگ کے خلاف جنگ سے انٹرنیشنل فنانسنگ سسٹم کا غلط استعمال روکنے میں مدد ملے گی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق مقامی سسٹم کو مستحکم کرنے میں بڑی کاوشیں اور پیش رفت کی ہے۔ عالمی برادری کو اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم اور اس کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق سسٹم کی بہتری اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف موثر جنگ میں پاکستان کی تعمیراتی حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ایشیاء پیسفک جوائنٹ گروپ کے صدر کی حیثیت سے چین بامقصد اور منصفانہ تعمیراتی رویہ برقرار رکھے گا اور متعلقہ بحث میں حصہ لے گا۔