مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام اپنی مشکلات کا واحد مداوا وزیر اعظم عمران خان کو سمجھتے ہیں، وزیراعظم عمران خان عوام کی امیدوں کا محور ہیں، پاکستان اور وزیراعظم عمران خان لازم و ملزوم ہیں، عمران خان نے 22 سال حق کیلئے جدوجہد کی، وہ چاہتے ہیں کہ ملک کی بدعنوانی اور بدعنوان عناصر سے جان چھڑائیں تاکہ نئے پاکستان کی تعمیر ہو، وزیر اعظم عمران خان پاکستان کا روشن اور ترقی یافتہ چہرہ دنیا کو دکھا رہے ہیں، وزیر اعظم دنیا کو بتا رہے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں لیکن کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اور عمران خان کامیاب ہوں، پاکستان کو مستحکم کرنے اور اسے قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے عوام کو قربانیاں دینی پڑیں گی، عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا اور خوشحال ہو گا، سوئی گیس منصوبہ میں نہیں بلکہ تحریک انصاف حکومت لے کر آئی ہے، یہ عمران خان کا وعدہ تھا کہ میں حق داروں کو ان کو حق لوٹاﺅں گا، خطے میں بڑھتی کشیدگی پاکستان کیلئے باعث تشویش ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، وزیر اعظم خطے میں امن کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، 2020ءعوام کیلئے ریلیف کا سال ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ میں سوئی گیس منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں مشکل حالات میں عزم و ہمت کا مظاہرہ کرتی ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے کوشاں ہے، کرپٹ نظام کو بدلے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، 2020عوام کیلئے ریلیف، مہنگائی سے نجات اور مشکلات کے خاتمے کا سال ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کا روشن اور ترقی یافتہ چہرہ دنیا کو دکھا رہے ہیں، وزیر اعظم دنیا کو بتا رہے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے طاقت ور مافیا کو للکارا ہے، طاقتور مافیا نقصان پہنچانے کی پالیسیاں بناتا ہے اور جب ہم مافیا کو روکنے کی کوششیں کرتے ہیں تو دباﺅ آتا ہے، کچھ سیاست دان نہیں چاہتے کہ عمران خان کامیاب ہوں اور پاکستان آگے بڑھے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جب قوموں پر مشکل وقت آتا ہے تو پھر قومیں قربانیاں دیتی ہیں، قائداعظم نے پاکستان کو بنانے کیلئے قربانیاں دیں تھیں، پاکستان کو مستحکم کرنے اور اسے قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے عوام کو قربانیاں دینی پڑیں گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ہمارا ملک عمران خان کی قیادت میں بدلے گا، ترقی کرے گا اور خوشحال ہو گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی، معیاری تعلیم، بنیادی ضروریات اور صحت سے متعلق سہولیات فراہم کرنا، پڑھے لکھے نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیر اعظم عمران خان عوام کی طاقت سے اس ملک کے وزیر اعظم بنے، انہوں نے عوام کو ان کا حق واپس کیا ہے، سوئی گیس منصوبہ میں نہیں بلکہ تحریک انصاف حکومت لے کر آئی ہے، یہ عمران خان کا وعدہ تھا کہ میں حق داروں کو ان کو حق لوٹاﺅں گا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کہا کہ یہ حق سیالکوٹ کی عوام کو بہت پہلے مل جانا چاہیے تھا لیکن سابق حکمران سیاست کے مقدس پیشے کو کاروبار کا ذریعہ بنا کر اس ملک کو گد بن کر نوچتے رہے، ماضی میں حکمرانوں نے ملکی دولت لوٹ کر اپنے بچوں کیلئے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم فیصلہ کریں کہ ہم نے اپنے بچوں یا قوم کے بچوں کے بارے سوچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی قدر کا اندازہ ہے، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سفارشی کلچر کا خاتمہ ہو اور میرٹ کا بول بھالا ہو، حکومتی اقدامات سے اوورسیز پاکستانیوں میں امید کی کرن جاگی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایران اور پاکستان پڑوسی اور دوست ملک ہیں، پاکستان کا ایران سے مذہب، ثقافت، تہذیب و تمدن کا رشتہ ہے، خطے میں بڑھتی کشیدگی پاکستان کیلئے باعث تشویش ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، وزیر اعظم خطے میں امن کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، وزیراعظم نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی، وزیر اعظم تمام مسائل کا حق مذاکرات سے چاہتے ہیں، وزیراعظم خطے کے امن کو تباہ ہونے سے بچانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان نے خطے میں امن کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، بھارتی اقدامات کے خلاف خود بھارت میں احتجاج ہو رہا ہے، بھارت نے مکاری کے ساتھ دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن ہندوستان کا مکروہ اور ریاستی دہشت گردی کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور آج ثابت ہو گیا کہ قائداعظم کا دو قومی نظریہ درست تھا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں کو 5 ماہ سے محصور کر رکھا ہے، کشمیریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، بھارت نے کشمیر کو قید خانے میں تبدیل کر دیا ہے، بھارت بھول گیا ہے کہ جذبوں کے آگے زنجیریں نہیں باندھی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے حق ارادیت کا وعدہ کیا تھا،کشمیری 71 سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے کہ وہ کس کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی،کشمیریوں کو ان کا حق دلا کر رہیں گے۔