ننکانہ صاحب مذہبی ہم آہنگی کا مرکز ہے،وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب مذہبی ہم آہنگی کا مرکز ہے، امن اور مذہبی ہم آہنگی کی اس سے بہتر مثال نہیں ملتی اس امن کو خراب کرنے والی کسی بھی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ننکانہ صاحب میں معمولات زندگی معمول کے مطابق ہیں۔ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں ایک مقامی مسئلے کو غلط رنگ دیا گیا، چند مقامی افراد نے گرفتار افراد کی رہائی کیلئے پولیس کے خلاف احتجاج کیا تھا، واقعہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں اور معاملات حل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا واقعے کو غلط رنگ دینا نہایت افسوسناک ہے، ننکانہ صاحب میں گرو گوبن سنگھ کے جنم دن کی تقریبات معمول کے مطابق جاری ہیں۔