بھارت تعصب اورنفرت کی آگ میں جل رہا ہے،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان قائد اعظم کے وژن کی عملی تصویر بن رہا ہے،کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال اور پاکستان کے امن کا پیامبر ہونے کی دلیل ہے،سیکولرازم کے نام پر بننے والا بھارت آج تعصب اور نفرت کی آگ میں جل رہا ہے،گاندھی اور نہرو کا ہندوستان مٹتا دکھائی دیتا ہے اور ہند وستان میں اقلیتوں کو بدترین تشدد، جبراور ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ہفتہ کو ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان سب پاکستانیوں کا یکساں وطن ہے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان قائد اعظم کے وژن کی عملی تصویر بن رہا ہے۔رنگ و نسل اور مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں۔ملک کی تمام اقلیتیں پاکستان سے والہانہ محبت کرتی ہیں۔ان کے حقوق محفوظ ہیں۔پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔آئین پاکستان ان کے حقوق کا ضامن ہے۔اسلام تمام مذاہب کے احترام کو لازم قرار دیتا ہے۔ قومی پرچم کا سفید رنگ ان کی نمائندگی کا مظہر ہے۔کرتارپور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال اور پاکستان کے امن کا پیامبر ہونے کی دلیل ہے۔سیکولرازم کے نام پر بننے والا بھارت آج تعصب اور نفرت کی آگ میں جل رہا ہے۔بھارت میں اقلیتیں سراپا احتجاج ہیں۔این آر سی اور بھارتی شہریت کے متعصبانہ امتیازی اور نفرت پر مبنی اقدامات سے اقلیتوں کو ان کی شہریت کے بنیادی حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔بھارتی معاشرے پر ہندتوا کا غلبہ ہے۔