بھارتی جارحیت،بنگلہ دیش نے بھارت سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بند کردی

ڈھاکہ:بنگلہ دیش نے سرحد پر بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت کے باعث متصل علاقوں میں موبائل اور نیٹ ورک سروس بند کردی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش نے ملکی مفاد اور سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بھارتی سرحدوں سے متصل اپنے ایک کلومیٹر اندر تک کے علاقوں میں موبائل اور نیٹ سروس غیر معینہ مدت تک کے لیے معطل کردی ہے۔بنگلا دیشی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت میں متنازع قانون پر ہونے والے ہنگاموں کے اثرات بنگلہ دیش تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ یہ پابندی سرحدوں کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے روک تھام کے لیے حفاظتی اقدام کے تحت عائد کی گئی ہے۔قبل ازیں بنگلہ دیش نے بھارتی ریاست آسام میں لاکھوں افراد کی شہریت منسوخ ہونے پر بھی سخت سیکیورٹی اقدامات اُٹھائے تھے اور آسام سے سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر بنگلہ دیش داخل ہونے والے سیکڑوں تارکین وطن کو بارڈر فورس نے گرفتار کرلیا تھا۔