کوئٹہ میں پاکستان ایران مشترکہ بارڈر کمیشن کا 23 واں اجلاس جاری

کوئٹہ: پاکستان ایران مشترکہ بارڈر کمیشن کا 23 واں3 روزہ اجلاس کوئٹہ میں بدھ کے روز شروع ہوگیا ہے۔اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت بلوچستان کے وزیر داخلہ وقبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ حیدر علی شکوہ جبکہ ایران کے وفد کی قیادت سیستان بلوچستان کے نائب گورنرہادی شکاری اور کوئٹہ میں متعین ایران کے کونصل جنرل محمد رفیعی نے کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردعناصر سرحد کے دونوں جانب امن وامان اور استحکام کے لیے خطرہ ہے پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ اقتصادی وسکیورٹی مفادات کا حصول ہماری ترجیح اور دہشتگردی، منشیات، اسلحہ اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے رہائش پذیر افراد اور کاروباری طبقات کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ کوئٹہ اور زاہدان کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور دونوں برادر اسلامی ممالک کے بزنس کمیونٹی کے لیے آسانیاں میسر آئیگی، اجلاس میں دونوں برابر اسلامی ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کے علاوہ سرحدی مسائل، غیر قانونی تجارت کے خاتمے، منشیات، سمگلنگ و دہشت گردی کی روک تھام سمیت مختلف امور پر تبادلہ کیا جائے گا۔