بھارت میں ہندو سوچ پروان چڑھائی جا رہی ہے،شاہ محمود قریشی

ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو نفسیاتی جنگ کا شکار کیا جا رہا ہے، دشمنوں کی سازش ہے کہ پاکستان میں انتشار پھیلایا جائے. یہ بات انہوں نے ملتان میں درگاہ حضرت شاہ رکن عالم کے 706 ویں سالانہ عرس میں پہلے روز کی نشست سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لسانی تعصب پھیلا کر انتشار پھیلایا جا رہا ہے ، ذہنی طور پر پاکستانی قوم کو شکست خودرہ بنانا اس جنگ کی سازش ہے ، ضروری نہیں کہ ہر جنگ میزائل اور بارود سے لڑی جائے.وزیر خارجہ نے کہاکہ ہندوستان کے مسلمانوں کو اپنی بے کسی کا احساس ہو رہا ہے، ہمیں ہر خطہ میں یکجہتی کا پیغام دینا چاہیے ، اس سال ہمیں اپنے ملک کی قدر و قیمت کا احساس پہلے سے زیادہ ہوا ہو گا. شاہ محمود نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں، بھارت مذہبی آزادی کا دعوی کرتا ہے جبکہ مسلمانوں سمیت وہاں بسنے والی دوسری اقلیتوں کو مذہبی آزادی نہیں ، پاکستان ہمارے لئے بے حد ضروری ہے.انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاءاور دو قومی نظریے کا دفاع بے حد اہمیت اختیار کر چکا ہے، بھارت نے اپنے آئین میں دے گئے حقوق کو بھی روند دیا ہے ، بھارت میں ہندو سوچ پروان چڑھائی جا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ عوام میں مایوسی اور بے چینی پائی جارہی ہے اور حکومت کو اس کا ادراک ہے دشمن ہماری اس کمزوری سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرسکتا ہے.وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایل او سی پر فائرنگ اور عام شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے، قوموں نے جنگیں افواج کی طاقت سے نہیں، مشترکہ نظریہ سے جیتیں، قوم منزل کا تعین کر لے تو کامیابیوں کی طرف بڑھتی ہے. انہوں نے کہا اللہ کے فضل و کرم سے پاکستانی ایک طاقت ور قوم ہے، وقتی طور پر مالی مشکلات کا شکار ہیں مگر ہم ان پر بھی غلبہ پائیں گے، اتار چڑھاﺅ قوموں کی زندگی کا حصہ ہے لیکن ہم نے گھبرانا نہیں اور آگے بڑھتے جانا ہے.