بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت نے مواصلاتی بلیک آوٹ اور کرفیو کے نفاذ سے نہتے کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہا، یہ لڑائی کسی ایک مذہب، خطے اور زبان تک محدود نہیں رہی بلکہ پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے، بھارت کو نقصان اس وقت اس کی ہندوتوا سوچ سے پہنچ رہا ہے جہاں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، ہمیں یہ بھی خدشہ ہے کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے کشمیر میں کوئی نیا ناٹک رچا سکتا ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ ہندوستان اور خطے میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ یو پی ہندوستان میں علماءکے ساتھ جو ناروا سلوک برتا گیا اس پر ہر ذی شعور انسان کی آنکھیں نم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریانکا گاندھی جیسی شخصیت کو جب مبینہ طور پر پولیس نے دھکے دیئے اور گلہ دبانے کی کوشش کی تو آپ سمجھ سکتے ہیں کہ عام آدمی کے ساتھ پولیس کا رویہ کیا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیفیت پورے ہندوستان میں پھیلتی جا رہی ہے لیکن مودی سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی، وہ اس حد تک آگے جا چکے ہیں کہ ان کی واپسی ممکن دکھائی نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کمیونیکیشن بلیک آوٹ اور کرفیو کے نفاذ سے انہوں نے نہتے کشمیریوں کی آواز کو دبا لیا تھا لیکن پورے ہندوستان کی عوام کو کیسے روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز ہندوستان میں جو مظاہرے ہوئے وہ سب کے سامنے ہیں، اب یہ لڑائی کسی ایک مذہب، خطے اور زبان تک محدود نہیں رہی بلکہ پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے، ہندوستان اس وقت دو نظریات میں مکمل طور پر تقسیم ہو چکا ہے ایک طرف سیکولر ہندوستان کے حامی ہیں جو سراپا احتجاج ہیں جبکہ دوسری طرف ہندوتوا کا نظریہ جو مودی سرکار مسلط کرنا چاہتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت دنیا کو خاموش نہیں رہنا چاہیے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، ہمیں یہ بھی خدشہ ہے کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے کشمیر میں کوئی نیا ناٹک رچا سکتا ہے، ایک طبقے نے تو یہاں تک کہنا شروع کر دیا ہے کہ ہندوستان کے اندر جو کچھ ہو رہا ہے اس کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے میرے خیال میں ان کی عقل پر پردہ پڑ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو نقصان اس وقت اندر سے پہنچ رہا ہے، بھارت کی ہندوتوا سوچ سے پہنچ رہا ہے، بھارت جمہوری قدروں کو پامال کر رہا ہے، ہندوستان میں مسلم اکثریتی علاقوں میں پولیس گھس کر توڑ پھوڑ کر رہی ہے، مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔