آر ایس ایس نہ صرف کشمیریوں بلکہ بھارت میں بسنے والے کروڑوں عوام کی شناخت مٹانے کا خواہاں ہے،عمران خان

اسلام آباد : وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں کے حقوق اور کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھانے اور ان کی آواز بننے کے لئے پرعزم ہیں، عالمی برادری کو مودی سرکار کے ایجنڈے اور خطے کے امن پر اس کے مہلک اثرات کا ادراک کرنا ہوگا، پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیر اعظم میڈیاآفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف کشمیری کارکن ٹونی عشائی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پرکیے جانے والے ظلم و ستم ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر خصوصاً موجودہ حالات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ معصوم کشمیریوں کے حقوق اور کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر اٹھانے اور ان کی آواز بننے کے لئے پرعزم ہیں۔ عالمی برادری کو مودی سرکار کے ایجنڈے اور خطے کے امن پر اس کے مہلک اثرات کا ادراک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اورہندوتوا نظریات پر مبنی ایجنڈا نہ صرف کشمیریوں بلکہ بھارت میں بسنے والے کروڑوں عوام کی شناخت مٹانے کا خواہاں ہے یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ٹونی عشائی نے کہا کہ مقبوضہ کمشیر کی عوام کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور بھارتی جبر و ستم اور خطے پر اس کے مہلک اثرات کے بارے میں اقوام عالم کی توجہ دلانے کے سلسلے میں وزیرِ اعظم عمران خان کی مسلسل کوششوں پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھانے سے جہاں یہ مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے وہاں مودی سرکارکا آر ایس ایس کی فلاسفی پر مبنی ایجنڈا اور بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا پردہ فاش ہوا ہے۔ ٹونی عشائی نے وزیرِ اعظم کو امریکہ میں خصوصاً امریکی سینٹرز اور کانگریس کے اراکین کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے حوالے سے اپنی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔