مقبوضہ کشمیر میں 144ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ جاری

سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 144ویں روز جاری رہنے والے بھارتی فوجی محاصرے کی وجہ سے وادی کشمیر ، جموں اورلداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول اور غیر یقینی صورتحال بدستور برقرار ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دیگرقصبوں میں سخت پابندیاں نافذ ہیں اور چپے چپے پر بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ پری پیڈ موبائل، ایس ایم ایس اورانٹرنیٹ سروسز مسلسل معطل ہیں جس کے سبب لوگوں خاص طور پر صحافیوں ، طلبا اور تاجروں کوسخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ کشمیریوں نے غیر قانونی بھارتی قبضے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مذموم بھارتی اقدام کے خلاف بطور احتجاج سول نافرمانی جاری رکھی ہوئی ہے ۔ دکانیں صرف صبح کے وقت چند گھنٹوں کے لئے کھولی جاتی ہیں تاکہ لوگ اشیائے ضروریہ خرید سکیں ۔ دفاتر اور تعلیمی ادارے ملازمین اور طلباء سے خالی ہیں جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت کم ہے۔ دریں اثنا وادی کشمیر میں اگر چہ موسم فی الوقت خشک ہے لیکن رات کے وقت درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے گر رہا ہے۔ نلوں اور پانی کی ٹینکیوں میں پانی جم رہا ہے ۔ مقبوضہ علاقے کے محکمہ موسمیات نے21 دسمبر سے شروع ہونے والے سردی کے سخت ترین دورانیے ”چلہ کلان” کی 10 تاریخ تک موسم خشک رہنے کی پیشنگوئی ہے ۔روز بروز بڑھتی ہوئی سردی نے پہلے سے بھارتی محاصرے اور پابندیوں کے ستائے کشمیریوںکی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ لوگوںکا کہنا ہے کہ اس برس موسم سرما نے اپنے ابتدائی ایام میں ہی اپنی طاقت کا خوب مظاہرہ کیا۔