چینی فضائی کمپنی نے اسلام آباد اورکنمنگ کے درمیان پروازوں کا آغاز کردیا

بیجنگ:چینی فضائی کمپنی چائنا سدرن ایئر لائنز نے اسلام آباد اور گوانگ ژو،کنمنگ کے درمیان پروازوں کا آغاز کردیا ہے’ اس حوالے سے پہلے پرواز سی زیڈ6071 کنمنگ سے اسلام آباد کے لئے روانہ کی گئی۔چائنہ نیوز نیٹ ورک کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور کنمنگ کے درمیان فضائی رابطوں کے آغاز کے حوالے سے کنمنگ کے چانگ شوئی بین الاقوامی ایئر پورٹ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا اور چین کے معیاری وقت کے مطابق شام 8 بجکر 5 منٹ پر پہلی پروازCZ-6071 کو اسلام آباد کے لئے روانہ کیا گیا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 11بجکر 20 منٹ پر اسلام آباد پہنچی۔رپورٹ کے مطابق کنمنگ اور اسلام آباد کے درمیان پہلی مرتبہ براہ راست پروازوں کا آغاز کیا گیا ہے جس سے پاک چین دوطرفہ تعلقات اور تجارتی وفود کے تبادلوں میں مدد ملے گی۔چینی کمپنی پیر ‘جمعرات اور ہفتہ کو اسلام آباد اور کنمنگ کے درمیان پروازیں چلائے گی۔