وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات

اسلام آباد : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار، افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے، امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے اس مؤقف پر قائم ہے کہ طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں، ہمیں توقع ہے کہ امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار، افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے۔ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار، خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کوافغان طالبان اور امریکہ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔