مقبوضہ کشمیر میں آج انسانی حقوق کے عالمی دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا

سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں آج منگل کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر یوم سیاہ کے طورپر منایا جائے گا تاکہ عالمی برادری کی توجہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحا ل کی طرف مبذول کرائی جاسکے۔ کشمیرمیڈیا سرو س کے مطابق یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کی ہے۔ دنیا کو یہ بات یاد دلانے کے لئے کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانا اس کی ذمہ داری ہے،اس دن مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتا ل کی جائے گی۔ دریں اثناء وادی کشمیر اورجموں خطے کے مختلف علاقوں میں فوجی محاصرہ اوردیگر پابندیاں بدستور جاری رہیں جس کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج رہے۔ انٹرنیٹ ، پری پیڈ موبائل اور ایس ایم ایس سروسز کی مسلسل معطلی کی وجہ سے طلبائ، تاجروں، ڈاکٹروں اور مریضوں سمیت معاشرے کے ہرطبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔