پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی نمبر 1 اسٹاک ایکسچینج قرار

اسلام آباد: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دنیا کی نمبر 1 اسٹاک ایکسچینج ہونے کے اعزاز سے نواز دیا گیا، عالمی جریدے بلوم برگ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کو دنیا کی بہترین پرفارمنگ سٹاک مارکیٹ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ کو اس وقت دنیا کی تمام اسٹاک مارکیٹس میں سب سے زیادہ بہترین کارکردگی دکھانے والی اسٹاک مارکیٹ کے اعزاز سے نواز دیا گیا ہے۔عالمی جریدے بلوم برگ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس کو دنیا کی بہترین پرفارمنگ سٹاک مارکیٹ قرار دیا ہے۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ کو مثبت کرنے کی خبروں کے بعد اب عالمی جریدے بلوم برگ نے پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کے 100انڈیکس کو گزشتہ 3 ماہ میں کی کارکردگی کی بنیاد پر بہترین انڈیکس کا خطاب دے دیا ہے۔بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کے ایس ای 100انڈیکس میں 36 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے سرمایہ کاری پر منافع کی شرح پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سب سے زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت پاکستان سٹاک مارکیٹ عالمی و مقامی سرمایہ کاروں کے لیے پسندیدہ ترین مارکیٹ بنی ہوئی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 836 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 40124.22 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا جس کے باعث حصص کی مالیت میں 110 ارب روپے سے زائد بڑھ گئی تھی، کاروباری حجم 30 ماہ کی بلند ترین سطح کو چھو گیا تھا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 6 سال کے دوران سب سے زیادہ تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 12 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ سرمایہ کاری کی مالیت میں بھی کھربوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔