پاکستان تجارتی اصلاحات کرنے والےبڑے ممالک میں شامل کیا گیا ہے،کاشف اشفاق

لاہور : فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینیجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی انتھک کوششوں کے باعث پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کی ایک پرکشش ملک بن چکا ہے،یہاں توانائی، زراعت ، مواصلات ، آٹو ، کیمیکلز اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو یہاں فیڈمک کیمپ آفس میں سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ملک بننے کی وجہ سی پیک کے تحت نئے خصوصی اقتصادی زونز خاص طور پر فیڈمک میں سرمایہ کاروں کو مکمل ٹیکس چھوٹ کی فراہمی ہے اور یہ اپنے طور پر بھی صنعتکاروں اور بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے بڑی سہولیات اور مراعات کا باعث ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خصوصی اقتصادی زون نہ صرف سرمایہ کاروں کے لیے منافع بخش ہیں بلکہ ان میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) سے تجارتی خسارے میں کمی اور مقامی معیشت مستحکم ہوتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومتی اصلاحات سے پاکستان آئندہ سال صف اول کے 80 ممالک میں شامل ہوگا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کی درجہ بندی میں چھ اشاریوں کی بہتری آئی ہے جن میں کاروبار کا آغاز، تعمیراتی اجازت نامے، بجلی کا حصول، پراپرٹی رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی اور سرحدوں کے آرپار تجارت شامل ہے، جن کی وجہ سے پاکستان تجارتی اصلاحات کرنے والے دس بڑے ممالک میں شامل کیا گیا ہے، اس سے دیگر ممالک کو سی پیک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔