پاکستان سے 6 ہزار 2سورجسٹرڈ افغان مہاجرین افغانستان واپس پہنچ گئے

اسلام آباد :پاکستان سے رواں سال 6 ہزار 222 رجسٹرڈ افغان مہاجرین افغانستان واپس پہنچ گئے۔ وطن واپس جانے والے رجسٹرڈ مہاجرین کو2 سو ڈالر فی کس دیا گیا ہے، افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل تین ماہ کے لیے عارضی طور پر موخر کردیا گیا۔ یو این ایچ سی آر کے ترجمان قیصر خان نے کہا کہ رواں سال پاکستان میں قیام پذیر اور پی او آر کارڈ رکھنے والے 6 ہزار 222 رجسٹرڈ مہاجرین وطن واپس گئے ہیں۔وطن واپس جانے والے رجسٹرڈ مہاجرین کو یو این ایچ سی آر کی جانب سی2 سو ڈالر فی کس ادا کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے آغاز پر یکم دسمبر 2019 سے یکم مارچ 2020 تک رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل موخر کردیا گیا ہے۔ قیصر خان نے کہا کہ پاکستان میں قیام پذیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو موسم سرما کے دوران کسی قسم کی شکایات کی صورت میں وہ یو این ایچ سی آر سے رابطے کریں۔ پی او آر کارڈ رکھنے والے مہاجرین کو پاکستان میں قیام کے دوران قانونی حیثیت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم سر ما کے دوران یو این ایچ سی آر کے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے قائم مراکز بند رہیں گے۔