پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 837 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی :پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران تیزی کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے۔پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 837 پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا ہے۔پی ایس ایکس 100انڈیکس 40131 کی سطح سے اوپر چلا گیا۔ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی رہی، ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 39 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، ایک ہفتے میں 100 انڈیکس میں 13 سو 61 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 8 ماہ بعد 39 ہزار کی سطح عبور کرگیا۔ گزشتہ ہفتے پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں معمولی تیزی کے بعد منگل کے روز مندی کا رجحان دیکھا گیا تھا۔منگل کے روز انڈیکس میں 38 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہی اور انڈیکس 374 پوائنٹس کمی کے بعد 37 ہزار 839 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔تاہم اگلے روز سے اسٹاک مارکیٹ میں پھر تیزی دکھائی دینے لگی۔ جمعرات کے روز 100 انڈیکس میں 620 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 38 ہزار 742 پوائنٹس پر ٹریڈ کرنے لگا۔جمعے کے روز 500 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد 100 انڈیکس 8 ماہ بعد 39 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔ ہفتے کے آخری کاروباری روز 100 انڈیکس 39 ہزار 287 پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ ہفتے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا، مارکیٹ میں 1.73 ارب شیئرز کے سودے ہوئے۔مارکیٹ کے ہفتہ وار کاروبار کی مالیت 61 ارب روپے رہی۔کاروبار میں تیزی کے بعد مارکیٹ کیپٹلائزیشن 264 ارب روپے اضافے سے 7511 ارب روپے رہی۔