رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں موبائل فون سیٹوں کی درآمدات میں ریکارڈ اضافہ

موبائل فون سیٹوں

اسلام آباد : رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں موبائل فون سیٹوں کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 35.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کے مطابق جولائی سے لیکرستمبر2019ء کے دوران ملک میں موبائل فون سیٹوں کی درآمدات کا مجموعی حجم 269.051 ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 35.05 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں موبائل فون سیٹوں کی درآمدات پر199.224 ملین روپے کا زرمبادلہ صرف ہواتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق ستمبر میں موبائل فون سیٹوں کی درآمدات میں گزشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 69.43 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔

یہ بات قابل ذکرہے کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے تجارتی خسارہ میں کمی کا تناسب 34.85 فیصد ریکارڈ کیا گیاہے۔ پہلی سہ ماہی میں تجارتی خسارے کا حجم 5.72 ارب ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کے تجارتی خسارے کا حجم 8.79 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی طرح مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 2.75 فیصد اضافہ ہواہے