انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی، دنیا کے مختلف ممالک میں انٹرنیٹ سروس متاثر

انٹرنیشنل سب میرین کیبل

نیویارک: انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کو دور نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں انٹرنیٹ سروس بری طرح سے متاثر ہو رہی ہیں اور صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے. ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے مطابق انٹرنیشنل سب میرین میں خرابی کے باعث صارفین کو انٹرنیٹ براﺅزنگ میں مشکلات کا سامنا ہے‘پی ٹی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ سب میرین کانقص جلد دور کرنے کے لیے انٹرنیشنل کنسورشیم کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، امید ہے خرابی پر جلد قابو پالیا جائے گا جس کے بعد صارفین بلاتعطل انٹرنیٹ استعمال کرسکیں گے.پاکستان میں پی ٹی سی ایل اور دیگر ا نٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سمیت موبائل فون کمپنیوں کی تھری جی اور فور جی سروس بھی متاثر ہوئی ہے اور صارفین تھری جی اور فور جی سروسزبھی استعمال نہیں کرپارہے ادھر ترجمان پی ٹی اے خرم علی مہران کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں، انٹرنیٹ کی زیر سمندر 2 کیبلز کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث انٹرنیٹ کی اسپیڈ اور کوالٹی متاثر ہوئی ہے، لہذا پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ ملکر سب میرین کیبل میں نقص کو ڈھونڈنے کا کام کررہی ہے اور آنے والے 24 گھنٹوں میں کیبلز کی مرمت کے بعد اسپیڈ اور معیار میں بہتری آجائے گی.انٹرنیٹ سروس میں خرابی کی وجہ سے قومی ائیرلائن سمیت دیگر کئی فضائی کمپنیوں کو پاکستان سے آپریٹ کرنے میں مسائل پیدا ہورہے ہیں اور متعدد فلائٹس تاخیرکا شکار بھی ہوئی ہیں .

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مینول طریقے سے چیک ان کی وجہ سے پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوسکتی ہے جس پر پی آئی اے مسافروں سے پروازوں میں تاخیر ہونے کی صورت میں معذرت خواہ ہیں انہوں نے کہا کہ زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل میں فنی خرابی ہونے کے بعد قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہوگیا انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے بعد پی آئی اے کا ملک بھر کے ایئرپورٹس پر چیک ان سسٹم بری طرح سے متاثر ہوا جس کے پیش نظر انتظامیہ متبادل سسٹم کے ذریعے مسافروں کا چیک ان عمل کررہی ہے .علاوہ ازیں ملک بھر میں بنکوں نے اے ٹی ایم مشینوں کی بڑی تعداد کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب صارفین کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے بعد بند کردیا تھا ذرائع کے مطابق ملک بھر میں آدھی سے زیادہ اے ٹی ایم مشینیں بند ہیں اس کے علاوہ آن لائن بینکنگ کا نظام بھی بری طرح متاثر ہورہا ہے ‘انٹرنیٹ سروس میں خرابی سے موبائل فون کمپنیوں کا متوازی بنکاری کا نظام بھی بند پڑا ہے اور صارفین کو شکایت ہے کہ انہیں رقوم بجھوانے اور موصول کرنے میں دشواری کا سامنا ہے.