بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں بدستورجاری

لائن آف کنٹرول

راولپنڈی : بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں بدستورجاری ہیں، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے بکسر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے، پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل اوسی پر باکسر سیکٹر میں شہری آبادی پر شدید بلااشتعال فائرنگ کی ۔بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں کا تعلق بھمبر کے گاؤں مندیکا سے ہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا زبردست اور بھرپور انداز میں جواب دیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی آج بھارتی فوج نے ایل اوسی پر سماہنی آزاد کشمیر کے گاؤں بنڈالہ میں شدید فائرنگ اورگولہ باری کی۔ جس سے ماں اور بیٹا شدید زخمی ہوگئے۔