پاکستان کی ترقی کیلئے تعلیم کو کلید ی اہمیت حاصل ہے،شاہد آفریدی

شاہد آفریدی

فیصل آباد: کرکٹ سٹار اور شاہد آفریدی فا ونڈیشن کے بانی شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے تعلیم کو کلید ی اہمیت حاصل ہے اور شاہد آفریدی فا ونڈیشن ملک کے پسماندہ علاقوں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد میں بھی سکول قائم کرے گی۔ یہ بات انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں صنعتکاروں اور تاجروں کے علاوہ کرکٹ کے شوقین نوجوانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وجہ سے انہیں عزت ملی اور اب وہ اس کے بدلے ملک کے محروم طبقوں کیلئے صحت، تعلیم اور صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، تاکہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل دیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ تھر کے پسماندہ علاقہ میں وہ اینگرو کے تعاون سے ڈھائی سو بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کر رہے ہیں جو بہت جلد کام شروع کر دے گا۔صاف پانی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ کے دور دراز علاقوں میں آج اکیسویں صدی میں بھی انسان اور جانور ایک ہی جگہ سے پانی پیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں پانی کے ٹینک بنوائے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو میلوں دور سے پانی نہ لانا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کام کا آغاز سندھ کے ایک گا وں سے کیا گیا جہاں 59غیر مسلم خاندان بھی آباد ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اکیلے ہی اس سفر کا آغاز کیا تھا لیکن اس کے دائرہ کار میں اضافے سے مسائل بھی پیدا ہونے شروع ہو گئے جس کیلئے انہیں خاص طور پر مخیر لوگوں کی مدد درکار ہے۔ انہوں نے کرکٹ کے حوالے سے بتایا کہ کوئی بھی انسان اپنے لئے کمانے سے بڑا نہیں ہوتا ۔ اس کی بڑائی صرف دوسروں کی مدد میں پوشیدہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پاکپتن اور ملتان سے ہوئے ہوئے یہاں پہنچے ہیں وہ یقینا فیصل آباد کے پسماندہ علاقوں میں بھی سکول قائم کریں گے۔