بھارتی آرمی چیف کا جھوٹ عالمی میڈیا نے بے نقاب کردیا،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف ری ایکشن کی بجائے اب ایکشن ہوگا، بھارتی آرمی چیف نے پاکستان میں دہشت گردوں کے کیمپ کو تباہ کرنے کا جھوٹ بولا جو عالمی میڈیا نے بھی بے نقاب کر دیا، اپنے دفاع کیلئے پاکستان کوئی بھی قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے اندرونی معاملات کو ہوا دے رہا ہے تاکہ ہم اندرونی معاملات میں الجھ جائیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ کشمیری، پاکستانی اور ہیومن رائٹس کے اراکین 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے جا رہے ہیں اس لئے وہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر بھارت کو بے نقاب کرنے کیلئے دنیا کے سامنے اس کا اصلی چہرہ دکھانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم سفارتکاروں کو وہاں لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ وہ جا کر دیکھیں کہ بھارت کے بیانیے میں کتنی سچائی ہے۔بالاکوٹ حملے کے بعد بھی بھارت کا پول کھل گیا تھا اور اب دوبارہ بھارت دنیا کے سامنے جھوٹا ثابت ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور بین الاقوامی قوانین اور ضوابط کا احترام کرتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کا حق بھی محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت کس طرح مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی کونسل کی ریزولیوشنز، یو این چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے،ہم جذبات میں آنے کی بجائے سوچ سمجھ کر حکمت عملی اختیار کریں گے۔