کامیاب جوان پروگرام کو زبردست پذیرائی ملی ہے،عثمان ڈار

اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کو زبردست پذیرائی ملی ہے اور اب تک 1 لاکھ اور 90 ہزار نوجوانوں نے قرض کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ پی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو زیادہ سے زیادہ کامیاب اور شفاف بنانے کے لئے میرٹ بنیادی ٹول تھا اور وزیر اعظم عمران خان کی نگرانی میں یہ ملک کا پہلا ٹریکنگ سسٹم پروگرام اور براہ راست ایس ایم ایس نوٹیفکیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں اپلیکشن ٹریکنگ سسٹم آن لائن درخواستوں کو وصول کرنے اور ان کی مانیٹرنگ پر کام شروع کر دے گا اور اس سسٹم کو استعمال کرنے کا مقصد کارروائی کر کے درخواست دہندگان کو فوری معلومات پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام قومی یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک کے تحت تیار کیا گیا ہے اور یہ ملک کے نوجوانوں کو آزاد بنانے کے لئے سنگ میل کی حیثیت اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 21 سے 45 سال تک کی عمر کے لوگ قرض کیلئے آئن لائن فارم جمع کرا سکتے ہیں اور اس کیلئے کسی کو خود درخواست جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام درخواستیں آن لائن جمع ہوں گی اور منتخب بینک برانچز ایس ایم ایس کے ذریعے انہیں ان کے فون نمبرز پر تصدیقی میسج بھیجیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے قرض کی سکیم کی تقریب کا آغاز کرنے کے 72 گھنٹوں کے اندر اندر 18 لاکھ افراد نے کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ دیکھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں نوجوانوں میں اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ درخواست دہندگان کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے یقین دلایا کہ بزنس لون اسکیم کو شفاف بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نوجوان سرکاری قرضہ اسکیم کے ذریعے اپنے خاندانوں کی معاونت کر سکیں گے اس کے علاوہ کاروبارسے وابستہ لوگوں کیلئے یہ اسکیم مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیم پر نوجوانوں نے جس طرح مثبت رد عمل دیا اس پر ان کے شکر گزار ہیں، ہمیں نوجوانوں پر اعتماد کرنا ہو گا اور انہیں مالی آزادی دینا ہو گی تاکہ وہ قومی معیشت کی بہتری کیلئے مثبت کردار ادا کر سکیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کو نظرانداز کر کے قرضے صرف با اثر افراد کو دیئے جاتے تھے لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے نوجوان با آسانی قرض کیلئے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مجھ سمیت کسی کو بھی لون اسکیم پراسیس میں مداخلت کرنے کا اختیار نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کی توقعات پر پورا اتریں گے اور دوسرے مرحلے میں اسکیم پر عمل درآمد کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت مدارس کے بچوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور وزارت نے انہیں روشن مستقبل کیلئے تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کا بھی منصوبہ بنا رکھا ہے۔