پاک فوج دنیا کی بہادر فوج ہے جو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہادر فوج ہے جو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایک طرف پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنا ہے تو دوسری طرف جیل میں بیٹھے قیدیوں کے اشارے پر روز نئی فلم چلانے والوں کے ایجنڈے کو ناکام بناتے ہوئے انہیں چاروں شانے چت کرنا ہے،جن کے آباءو اجداد نے قیام پاکستان کی مخالفت کی آج ان کی اولادیں استحکام پاکستان کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا، افراتفری اور فساد چاہتی ہیں

چین نے پاکستانی اقتصادی زونز میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی حامی بھری ہے، وزیراعظم عمران خان دنیا کے سامنے پاکستان کا حقیقی چہرہ پیش کر رہے ہیں، سکھ برادری کے لیے 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کھولنے جا رہے ہیں جس سے دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی پاکستان کا رخ کرے گی، پوری دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے، خیبرپختونخوا میں 9 سے 15نومبر کو نیشنل گیمز منعقد ہونے جا رہی ہیں جس سے وہاں کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔