بھارتی آرمی چیف کا تین مبینہ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مایوس کن ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفو ر نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا 3 مبینہ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مایوس کن ہے، بھارتی سفارتخانہ دورہ کر کے اپنے آرمی چیف کے دعوے کو ثابت کر کے دکھائے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ میں لکھا کہ آزادکشمیر میں دہشت گردوں کا کوئی کیمپ ہی نہیں تو کارروائی کیسی۔ پاکستان میں بھارتی سفارتخانہ غیر ملکی سفارتکاروں، میڈیا کے ساتھ دورہ کرلے اور اپنے آرمی چیف کے دعوے کو ثابت کر کے دکھائے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایسے جھوٹے دعوے داخلی فوائد کے لئے کیے جا رہے ہیں جو کہ پیشہ ورانہ فوجی روایات کے منافی ہیں۔آصف غفور نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف بہت اہم عہدے پر ہیں ان کا 3 مبینہ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مایوس کن ہے، ساتھ ہی آصف غفور نے بھارتی سینئر عسکری قیادت کے جھوٹے دعوے کو خطے کے امن کے لئے خطرہ بھی قرار دیا۔