رواں مالی سال کے دوران قومی درآمدات میں کمی

اسلام آباد: رواں مالی سال 2019-20 کے دوران قومی درآمدات میں 21.41 فیصد کمی ہوئی ہے۔ وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2019ء کے دوران درآمدات میں 9.86 فیصد کی کمی سے درآمدات کا مجموعی حجم 54.799 ارب ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ مالی سال 2018 کے دوران 60.795 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔ جاری مالی سال میں جولائی و اگست 2019ء کے دوران مجموعی قومی درآمدات کا حجم 7.677 ارب ڈالر تک کم ہوا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 9.769 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی دو مہینوں کے دوران مجموعی قومی درآمدات میں 2.092 ارب ڈالر یعنی 21 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ملکی درآمدات میں کمی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے نتائج ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے غیر ضروری اوراندرون ملک تیار ہونے والی مصنوعات کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے اور درآمدات میں کمی کے نتیجہ میں زر مبادلہ کے ذخائر پر پڑنے والے دبائو میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔