پاک امریکہ تجارت دوماہ کے دوران ریکارڈ اضافہ

اسلام آباد : پاکستان اورامریکہ کے درمیان تجارت میں رواں مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بنک کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں امریکہ کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 3.56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ جولائی اوراگست 2019ء میں امریکہ کو برآمدات سے ملک کو 714.570 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جو پیوستہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 3.56 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں امریکہ کو برآمدات سے پاکستان نے 689.963 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل کیا تھا۔ٍدوسری طرف اسی مدت میں امریکہ سے درآمدات میںکمی دیکھنے میں آئی ہے۔ مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں امریکہ سے درآمدات پر229.152 ملین ڈالر کازرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں23.18 فیصد کم ہے،گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں امریکہ سے درآمدات پر پاکستان نے 280.647 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف کیاتھا۔دوطرفہ تجارت میں اضافہ کے علاوہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ترسیلات زر کی مد میں بھی پاکستان کی معیشیت میں اہم کرداراداکررہے ہیں۔ امریکہ ان ممالک میں سرفہرست ہے جہاں سے سب زیادہ زرمبادلہ پاکستان بیجھا جارہاہے۔سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے جاری تازہ ترین اعداد وشمارکے مطابق مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے 629.79 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملک ارسال کیا،گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے 622.27 ملین ڈالر کازمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں امریکہ سے ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1.21 فیصد اضافہ یکھنے میں آیا ہے۔