یوم پاکستان اور عیدالفطر پر قیدیوں کی سزاؤں میں 6 ماہ کمی کی منظوری

اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان اور عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90، 90روز کی کمی کی منظوری دے دی۔ سزاؤں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 اور رولز آف بزنس کے رول 15 اے کے تحت دی گئی ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق زیر سزاؤں میں کمی کا اطلاق قتل ، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہو گا۔اسی طرح سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری ، ڈکیتی ، اغوا اور دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں کے علاوہ مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہو گا۔ غیر ملکی افراد ایکٹ، 1946 اور منشیات کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2022 ء کے تحت سزا یافتہ افراد پر بھی سزاؤں میں کمی کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا ۔ 65 سال سے زائد عمر کے ایسے مرد قیدی جو اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکے ہیں اور 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی جو ایک تہائی قید کاٹ چکی ہیں ان پر سزاؤں میں کمی کا اطلاق ہوگا۔ اسی طرح 18 سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔