امریکی کانگریس کمیٹی نےپی ٹی آئی کا ”سائفر ڈرامہ“ بے نقاب کر دیا

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس کمیٹی نے آج پی ٹی آئی کا ”سائفر ڈرامہ“ بے نقاب کر دیا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی امریکہ کی کانگریس کمیٹی میں سرٹیفائیڈ جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں، ان کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے، انہوں نے پوری قوم کے سامنے جھوٹ بولا، عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش کی، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنے سیاسی بیانیہ کو فروغ دینے کے لئے ریاست کو بھی دائوپر لگایا، آج پوری دنیا میں وہ خود رسوا ہو رہے ہیں۔ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاست کے مفاد پر اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسا بہت کم ہوا ہے کہ کوئی سیاسی لیڈر اپنی ذاتی انا کی تسکین کے لئے قومی مفاد کو دائو پر لگا دے اور پوری قوم سے جھوٹ بولتے ہوئے ایک ایسا بیانیہ بنائے جس میں رتی برابر بھی حقیقت نہ ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جھوٹ کا ہمیشہ انجام برا ہوتا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسہ میں سائفر لہرا کر قوم کو گمراہ کیا تھا اور جھوٹ بولا کہ ان کی حکومت کو گرانے کی امریکی سازش ہوئی ہے، میں ان کے اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پچھلے دو سالوں سے یہ کہہ رہے تھے کہ بانی چیئرمین جھوٹ بول رہے ہیں، بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، ان کی سیاست دوہرے معیار اور جھوٹ پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ آج کانگریس کی کمیٹی کی جو سماعت ہوئی، وہ پی ٹی آئی نے لابنگ فرم ہائر کر کے یہاں تک پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ڈونلڈ لو پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ہمارے سفیر اسد مجید کو بلا کر کہا کہ ہم آپ کی حکومت گرا دیں گے، آج اسی ڈونلڈ لو نے کہا کہ سائفر کی کہانی سراسر جھوٹ تھی، ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی ایسا سوچا جا سکتا ہے۔ڈونلڈ لو نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں جو بھی حکومت ہوتی ہے اس سے ہمارے اچھے تعلقات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لابنگ فرمز ہائر کر کے کانگریس کی کمیٹی کی سماعت رکھوائی لیکن یہ اللہ کے کام ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے پوری قوم سے جھوٹ بولا، پاکستان کے بین الاقوامی سطح پر تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش کی اور آج خود جھوٹے ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ یہی کہتے آئے ہیں کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، سیاست بعد میں ہے لیکن بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی سیاست کو چمکانے اور اپنے سیاسی مفادات کے لئے قومی مفادات کو دائو پر لگایا اور آج پوری دنیا کے سامنے رسوا ہو رہے ہیں۔ آج ان کی رسوائی پوری دنیا کے لوگوں نے دیکھی ہے۔ آج ڈونلڈ لو نے انہیں کانگریس کی کمیٹی کے سامنے جھوٹا قرار دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں نے آج کانگریس کمیٹی کی سماعت کے دوران شور مچایا تو انہیں کمرے سے باہر نکال دیا گیا کیونکہ وہاں یہ من مانی نہیں ہو سکتی، یہ شور نہیں مچا سکتے۔