وزیراعظم سمیت کابینہ اراکین کا تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کابینہ اراکین نے حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی ترویج کے لئے رضاکارانہ طورپر اپنی تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کرتےہوئے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وزیراعظم سمیت کابینہ اراکین نے رضاکارانہ طور پر اپنی تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کا بینہ اراکین کا تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی ترویج کے تناظر میں لیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول ایگریمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔ کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائینز ہولڈنگ کمپنی تشکیل کرنے کی منظوری دے دی جو کہ پی آئی اے کی نجکاری کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔وفاقی کابینہ میں میر علی دہشتگرد حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اراکین نے ان کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ کابینہ نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کااعادہ بھی کیا۔