صوبے کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا

پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا اور رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کی کرسی پر بیٹھ کر مجھے عوام کا حق ادا کرنا ہے، اگر میں عوام کا حق ادا نہیں کر سکتا تو پھر اس کرسی پر بیٹھنے کا کوئی فائدہ نہیں، صوبے کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا۔بحیثیت وزیراعلی کے پی ڈیرہ اسماعیل خان کا پہلے دورے کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ میں پورے صوبے کا وزیر اعلیٰ ہوں، پورا صوبہ میری ذمہ داری ہے۔ صوبے میں جو بھی ترقیاتی کام نہیں ہوئے وہ ترجیحی بنیادوں پر کریں گے، جس طریقے سے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، عوام کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے عوام اس پر آواز اٹھائیں، عمران خان کو ایک چیز کی فکر ہے کہ ملک میں جو حالات چل رہے ہیں ایسا نہ ہو کہ ہم اس جگہ پر چلے جائیں کہ واپسی کا راستہ نہ ہو، عمران خان کے دور حکومت میں ملک درست سمت میں چل رہا تھا، دو سال کی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا طوفان لا کھڑا کیا۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں پورے صوبے کا وزیر اعلیٰ ہوں پورا صوبہ میری ذمہ داری ہے، ہماری پہلی ترجیح صوبے میں امن و امان کا قیام ہے، امن و امان کے حوالے سے مکمل ایک پلان بنایا ہے جس پر جلد کام شروع ہوگا، پچھلے ڈیڑھ سال سے معطل شدہ صحت کارڈ دوبارہ بحال کر دیا ہے، ہم نے سرکاری ہسپتالوں کو بہتر کرنا ہے، وہ وقت جلد آئے گا کہ لوگوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں کی ضرورت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کو ہٹانے کے بعد ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہے، ملک میں روزگار ہے نہ کاروبار، لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، ساڑھے آٹھ لاکھ خاندانوں کو باعزت طریقے سے رمضان پیکج دیا جائے گا، لوگوں کو انکا حق دہلیز پر پہنچائیں گے اور تذلیل نہیں کریں گے، پناہ گائیں دوبارہ کھول دی ہیں اور وہاں پر لوگوں کو تمام سہولیات میسر ہیں، صوبے کو معاشی لحاظ سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا میری ترجیح ہے،وزیر اعلیٰ کے پی نےمزید کہا کہ صوبے کا ریونیو بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، ایسے انقلابی اقدامات کریں گے جن سے خیبر پختونخوا ماڈل صوبہ بن جائے گا، وفاق کے ذمے صوبے کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے وزیر اعظم سے بات ہوئی ہے، یہ بقایا جات صوبے کے عوام کا حق ہے، وفاق کو یہ حق ہمیں دینا ہوگا، ہمارا صوبہ سستی بجلی پیدا کر رہا ہے، وہی بجلی ہمیں مہنگے داموں مل رہی ہے۔