رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں مہنگائی میں 1.35 فیصد اضافہ ریکارڈ

اسلام آباد:رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کے طوفان کی شدت میں مزید اضافہ، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 1 عشاریہ 35 فیصد کے اضافے سے 33 فیصد کے قریب پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز کے بعد پہلے ہی ہفتے میں مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ مہنگائی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں نمایاں اضافہ ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے ہی ہفتے میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 33 فیصد کی سطح کے قریب پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 18 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ دس اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔1 عشاریہ 35 فیصد کے اضافے سے مہنگائی کی شرح بڑھ کر 32.89 فیصد ہو گئی۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 30 روپے تک بڑھ گئی، رواں ہفتے کے دوران کیلے فی درجن 34 روپے تک مہنگے ہوئے۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں انڈے فی درجن 19 روپے تک مہنگے ہوئے، رواں ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 146 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں لہسن کی فی کلو قیمت میں 22 روپے تک اضافہ ہوا، رواں ہفتے مٹن کی فی کلو قیمت میں 31 روپے تک کا اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں بڑا گوشت فی کلو 14 روپے تک مہنگا ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں ہفتے زندہ مرغی فی کلو 6 روپے تک مہنگی ہوئی، ایک ہفتے میں برانڈڈ خوردنی تیل پانچ لیٹر 29 روپے تک سستا بھی ہوا، ایک ہفتے میں برانڈڈ گھی اڑھائی کلو 14 روپے تک سستا ہوا، رواں ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 26 روپے تک سستا ہوا، ایک ہفتے میں چینی کی فی کلو قیمت میں 93 پیسے کی کمی ہوئی، رواں ہفتے تازہ دودھ، خشک دودھ اور دہی سمیت 23 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔