آصف زرداری یا محمود اچکزئی ،نئے صدر مملکت کا انتخاب کل ہوگا

اسلام آباد:آصف زرداری یا محمود اچکزئی ،نئے صدر مملکت کا انتخاب کل ہوگا،پاکستان کے 14ویں صدر مملکت کے انتخاب میں چاروں صوبائی اسمبلیوں،سینیٹ اورقومی اسمبلی کے ارکان ووٹ دیں گے۔صدر کاانتخاب الیکٹورل کالج کے ذریعے عمل میں لایا جاتا ہے، ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے شناختی کارڈ ساتھ لانے کے پابند ہوں گے، ووٹر نے بیلٹ پیپر پر کوئی ایسا نشان لگایا جس سے اس کی شناخت ممکن ہوتو ووٹ غلط تصور ہوگا، دوامیدواروں پر نشان لگانے پر یاسرے سے نشان نہ لگانے پر بھی ووٹ غلط تصور کیا جائے گا۔آئین کے تحت صدارتی الیکشن کیلئے چیف الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسر ہوں گے ، جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں صبح دس سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی ، بیلٹ پیپر پرووٹر پسند کے امیدوار کے نام کے سامنے خصوصی پنسل سے کراس لگائے گا۔پریذائیڈنگ افسر امیدوار یا ان کے نمائندوں کی موجودگی میں بیلٹ بکس کھولے گا ، پریذائیڈنگ افسر بیلیٹ پیپرز کا معائنہ کرکے غلط ووٹ مسترد کردے گا، پریذائیڈنگ افسرووٹ گنتی کرکے امیدواروں کے حاصل شدہ ووٹ علیحدہ بیگز میں سیل کردے گا۔پریذائیڈنگ افسرفارم 5پر نتائج درج کرکے ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر کو بھیج دے گا، اگر دونوں امیدوار برابر ووٹ حاصل کرتے ہیں تو فیصلہ قرعہ اندازی سے کیا جائے گا۔یاد رہے کہ صدر مملکت عارف علوی کل اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے ۔عارف علوی نے گزشتہ روز ایوان صدر خالی کردیاتھا۔صدر مملکت عارف علوی نے اپنا سامان رہائش گاہ پر منتقل کر دیا تھا۔صدر عارف علوی کے عہدے کی آئینی مدت ستمبر 2023 میں مکمل ہوگئی تھی نئے صدر کے انتخاب تک وہ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے9 ستمبر 2018 کو صدر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا ۔