یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء پر 7.5ارب روپے کی خصوصی سبسڈی کا آغاز

اسلام آباد:یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان المبارک سے قبل بنیادی اشیاء پر 7.5ارب روپے کی خصوصی سبسڈی کاآغاز ( آج )منگل سے ہو گیا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سٹورز کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ عوا م کی سہولت کیلئے رمضان المبارک کے مہینے میں 7.5ارب روپےکی خصوصی سبسڈی پر بنیادی اشیاء کی فراہمی آج بروز منگل پانچ مارچ سے شروع کر دی گئی ہے۔وفاقی حکومت کے اس خصوصی پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو 19بنیادی اشیاء خوردونوش بشمول آٹا،گھی،خوردنی تیل، چینی،دال چنا،سفید چنے،بیسن،کجھور،چاول،چائے،مصالحہ جات،دودھ اور مشروبات رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔ترجمان کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن رمضان کے دوران عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام غذائی اجناس کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائے گی۔اس دفعہ یہ رعایت ٹارگیٹڈ سبسڈی کے ذریعے بی آئی ایس پی میں PMT-40کی بجائےPMT-60 کے رجسٹرڈغریب اور متوسط خاندانوں کو ملے گی اور پی ایم ٹی۔60کی وجہ سے 20کروڑعوام اس پیکج سے مستفید ہو سکیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق رمضان پیکج کے تحت چائےکی800 گرام قیمت میں100 روپے، بیسن اور کھجور کی فی کلو قیمت میں 50 روپے، دودھ کے فی لیٹر ٹیٹرا پیک کی قیمت میں 30 روپے، دالوں اور چاول کی فی کلو قیمت میں 25 روپے،کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت میں 25 روپے اور مشروبات کی 800 ملی لیٹر قیمت میں 30 روپے کی کمی کردی گئی ہے۔اس کے علاوہ بی آئی ایس پی صارفین کیلئے چینی کی فی کلو قیمت 109 روپے،گھی 365 روپے اور آٹے کے 10 کلو تھیلے کی قیمت 648 روپے برقرار ہوگی۔یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کا اطلاق 5 مارچ سے ہوگا جو چاند رات تک جاری رہے گا۔جنرل صارفین کیلئے 1000سے زائد اشیاء پر بھی 15فیصد تک خصوصی رعایت دی گئی ہیں۔ جسکی لسٹیں رمضان کے دوران عوام کی سہولت کیلئے تما م سٹوروں میں آویزاں کی جائے گی۔رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے عوام کو کسی بھی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔رمضان کے دوران ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز عوام کی خدمت کیلئے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔