ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 65 کروڑ 88 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

منیلا :ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی )نے پاکستان کےلئے 65کروڑ 88 لاکھ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی۔بدھ کواے ڈی بی کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کےلئے 65 کروڑ 88 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی گئی ہے اور یہ رقم تین مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی ۔بینک کا کہنا ہے کہ فنڈ زکی فراہمی کا مقصد پائیدار معاشی ترقی کے ہدف کا حصول ہے ،یہ مقامی وسائل بڑھانے اور سیلاب سے تباہ حال سکولوں کی بحالی پرخرچ ہوں گے،ان فنڈز سے غذائی تحفظ کےلئے زرعی پیداوار میں اضافہ اور پاکستان کو حالیہ تباہ کن سیلاب سے پیدا بحران سے نکلنے میں مدد ملے گی۔اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی کا مقصد پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے، اس میں سے 30 کروڑ ڈالر مقامی وسائل بڑھانے کےلئے پالیسی اصلاحات پر خرچ کیے جائیں گے۔اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد ٹیکس ،انتظامی امور، اخراجات مینجمنٹ اور سرمایہ کاری میں بہتری لانا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیاء یوگینی زوکوف نے کہاکہ فنانسنگ کی یہ اہم نئی لہر پاکستان کو گزشتہ سال کے بحران اور سپر فلڈ کے اثرات سے نکلنے اور طویل مدتی ترقی کی راہ پر واپس لانے میں مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 300 ملین(30 کروڑ) ڈالر پالیسی پر مبنی قرض اقدام کے پہلے ذیلی پروگرام کی سپورٹ کے لیے ہیں جن کا مقصد پالیسیوں، قوانین اور ادارہ جاتی اصلاحات ہے ،اس سے مقامی وسائل کو متحرک کرنے اور استعمال میں بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ٹیکس انتظامیہ، عوامی اخراجات کے انتظام اور دیگر ادارہ جاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے میں مدد کر رہا ہے تاکہ وسائل کو متحرک کیا جا سکے جس میں نجی سرمایہ کاری اور بچت جیسے غیر قرض کے وسائل شامل ہیں۔