پاک چین بحری افواج کی مشترکہ مشق سی گارڈین اختتام پذیر

کراچی: پاکستان اور چین کی بحری افواج کے مابین دو طرفہ مشق سی گارڈین 2023 کی اختتامی تقریب پی این ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ یہ مشق کراچی اور شمالی بحیرہ عرب میں ہوئی، جس میں چینی بحریہ کے چھ یونٹس بشمول ڈسٹرائر، فریگیٹس، آبدوز، آئل ٹینکر اور ریسکیو جہاز کے ساتھ ساتھ میرینز کے دستے نے بھی حصہ لیا۔مشق میں مختلف بحری حکمت عملیوں جیسا کہ اینٹی سرفیس، اینٹی ایئر، مائن وارفیر اور کثیرالخطر ماحول میں خصوصی آپریشنز کے مختلف پہلو شامل تھے جس سے بہترین تربیتی نتائج حاصل کیے گئے۔ مشق کا بنیادی مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان بحری تجربات کے باہمی تبادلے اور تعاون کے ذریعے تعلقات کو مزید فروغ دینا تھا۔چینی بحری جہازوں کے دورے کے ساتھ ساتھ کمانڈر چنگ ڈاؤ نیول بیس رئیر ایڈمرل لیانگ یانگ نے پاکستان کا بھی دورہ کیا۔اختتامی تقریب میں شرکت کے علاوہ، فلیگ آفیسر نے کمانڈر کوسٹ، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور دیگر سینئر پی این افسران سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور مزید تعاون کی راہوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشق سی گارڈین 2023 شریک بحری افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو بہتر بنانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے لیے باہمی طور پر مفید ثابت ہوئی۔ بڑے پیمانے پر کی جانے والی اس بحری مشق کا باقاعدہ انعقاد پاک چین بحری افواج کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ تقریب میں دونوں ممالک کے بحری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔