ڈالرز کی سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کے حیرت انگیز نتائج، ملک کی ایکسپورٹس میں نمایاں اضافہ

لاہور :ڈالرز کی سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کے حیرت انگیز نتائج،پاکستان کی “ڈالرز کمائی” میں بہتری آنا شروع، طویل عرصے بعد ملک کی ایکسپورٹس میں نمایاں اضافہ، اکتوبر میں پاکستان کی ایکسپورٹس کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ سال تک مسلسل کم ہونے والی ملکی ایکسپورٹس میں اب دوبارہ سے اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔ ماہ اکتوبر کے تجارتی بیلنس سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان کی ایکسپورٹس میں زبردست اضافے کا رجحان دیکھنے کو ملا۔اس حوالے سے وزیر تجارت گوہر اعجاز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ماہ اکتوبر کے دوران پاکستان کی ایکپورٹس میں 13.5 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا ہے۔ اکتوبر کے دوران پاکستان کی ایکسپورٹس کا حجم 2.7 ارب ڈالرز رہا۔ جولائی تا اکتوبر 2023 پاکستان کی ایکسپورٹس میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا اور ایکسپورٹس اضافے کے ساتھ 9.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔واضح رہے کہ طویل عرصے بعد پہلی مرتبہ ایک ماہ کے دوران ملکی ایکسپورٹس کا حجم ڈھائی ارب ڈالرز سے زائد رہا۔پاکستان کو گزشتہ مالی سال کے دوران ایکسپورٹس کی مد میں 4 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔ رواں مالی سال کے ابتداء میں بھی ماہانہ ایکسپورٹس کا حجم تقریباً صرف 2 ارب ڈالرز کی کم ترین سطح تک گر گیا تھا۔ نئے مالی سال کے پہلے ماہ جولائی میں ایکسپورٹس کا حجم محض 2 ارب ڈالرز رہا تھا، جبکہ اگست میں ایکسپورٹس کا حجم 2 ارب 36 کروڑ ڈالرز رہا۔یوں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ملکی ایکسپورٹس میں سالانہ بنیادوں پر26 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی تھی۔ واضح رہے کہ 13 جماعتوں کی سابقہ اتحادی حکومت کے ایک سال میں پاکستان کو ایکسپورٹس اور ترسیلات میں 8 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا تھا۔ اپریل 2022 میں ختم ہونے والی تحریک انصاف کی حکومت میں ترسیلات اور ایکسپورٹس دونوں شعبوں کا حجم 30،30 ارب ڈالرز کی سطح سے اوپر تھا، تاہم 13 جماعتوں کی سابقہ حکومت کے دور میں ترسیلات اور ایکسپورٹس دونوں شعبوں کا حجم 30 ارب ڈالرز سے کم رہا تھا۔