آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ آذربائیجان ، صدر اور وزیر دفاع سمیت اہم عہدیداروں سے ملاقات

راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل سیّد عاصم منیر نے آذربائیجان کے دورے کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، وزیر دفاع، چیف آف جنرل سٹاف اور آذربائیجان ایئر فورس کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) جمہوریہ آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون کو بڑھانا ہے۔آرمی چیف نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاری اور حوصلے کو سراہا۔ آذربائیجان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے آذربائیجان کی پاکستان کی طرف سے مسلسل حمایت کو سراہا اور دونوں ریاستوں اور ان کی مسلح افواج کے درمیان باہمی تعاون کو نئی سطح تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔چیف آف آرمی سٹاف نے باکو میں یادگار شہداء پر پھول بھی رکھے۔