چین سےدوستی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے، عمران خان

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کو تزویراتی تعاون کو مستحکم کرنے، خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کےلئے اپنے قریبی روابط اور مشاورت کے عمل کو جاری رکھنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے اس اہمیت کو اجاگر کیا کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام موسموں کے تزویراتی تعاون کی شراکت داری کی جڑیں باہمی اعتماد اور احترام کے گہرے رشتوں سے بندھی ہوئی ہے اور خطے اور اس کے باہر امن اور پائیداری کی علامت ہیں۔

وزیراعظم نے چینی وزیر خارجہ کو بھارت کے5اگست کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے بعد بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں 35دن سے مسلسل کرفیو، لاک ڈاﺅن اور مواصلاتی محاصرہ جاری ہے اور انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے شدید انسانی بحران کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے جسے فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کرفیو اور دیگر پابندیاں فوری طور پر اٹھائی جانے کی ضرورت ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے چین کے صدر شی جن پنگ اور اور چینی وزیراعظم لی کی کیانگ کی طرف سے وزیراعظم کو نیک تمناﺅں کے پیغامات پہنچائے اور کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات چٹان کی طرح مضبوط ہیں جنہیں توڑا نہیں جا سکتا۔