سائفر پری پلان ڈرامہ تھا جسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا،سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے ہوش ربا انکشافات

اسلام آباد:سابق وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ذرائع کے مطابق اعظم خان نے اپنا بیان 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کرایا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اعظم خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف بیان ریکارڈ کرایا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان نے سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اعظم خان کا ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہنا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لیے سائفر کا ڈرامہ رچایا گیا۔ریکارڈ کرائے گئے بیان میں اعظم خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام تر حقائق کو چھپا کر سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا، تحریکِ عدم اعتماد سے بچنے کے لیے سائفر کو بیرونی سازش کا رنگ دیا گیا۔اعظم خان نے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’سائفر کو غلط رنگ دے کر عوام کا بیانیہ بدل دوں گا‘۔ریکارڈ کرائے گئے بیان میں اعظم خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر مجھ سے 9 مارچ کو لے لیا ۔ان کا اپنے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں مزید کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر کے ڈرامے کے ذریعے عوام میں ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف نفرت کا بیج بویا۔اعظم خان نے مجسٹریٹ کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ منع کرنے کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی نے سیکرٹ مراسلہ ذاتی مفاد کے لیے لہرایا۔ریکارڈ کرائے گئے بیان میں اعظم خان کا کہنا ہے کہ سائفر کو ملکی سلامتی کے اداروں اور امریکا کی ملی بھگت کا جان بوجھ کر غلط رنگ دیا گیا۔اعظم خان نے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا ہے کہ سائفر کا ڈرامہ صرف اور صرف اپنی حکومت بچانے کے لیے رچایا گیا۔