جوکام آتا نہیں،پنگا نہیں لیتے،فواد چوہدری

اسلام آباد : بھارت کے چندر یان ٹو مشن کی ناکامی سے بھارت کو 900 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ اس حوالے سے بھارتی خلائی مشن کے ڈائریکٹر کے سیوان نے کہا کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ اچانک خلائی جہاز کا رُخ تبدیل ہوگیا۔اب تک جو ڈیٹا حاصل ہوا اس کا تجزیہ کیا جا رہا ہے ۔ خیال رہے کہ امریکہ، روس اورچین کے خلائی مشن چاند پرکامیاب لینڈنگ کرچکے ہیں۔

بھارت کا خلائی مشن ناکام ہونے پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بھارتیوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جوکام آتا نہیں، پنگا نہیں لیتے، اب صبرکرو اورسونے کی کوشش کرو۔

ایک اور ٹویٹر پیغام میں فواد چوہدری نے بھارت پر دھمکیاں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مجھےدھمکا رہے ہیں جیسے ان کےچاند مشن کو میں نے ناکام بنایا ہو، بھائی کیا ہم نےکہا تھا کہ 900 کروڑ لگاؤ ان نالائقوں پر؟ انہوں نے کہا کہ افسوس، کنٹرول روم سے بھارتی وزیراعظم کے چلے جانےکا لمحہ دیکھ نہ سکا، غریب عوام کے 900 کروڑ روپے ضائع کرنے پر لوک سبھا سے باز پُرس ہونی چاہئیے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مودی سیٹیلائٹ کمیونیکیشن پرایسے بھاشن دے رہے تھے جیسے خود خلانورد ہوں۔