ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز نے مواصلات کے نظام میں انقلاب برپا کردیا

بیجنگ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی ،اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز نے مواصلات کے نظام میں انقلاب برپا کردیا ہے،ہمیں ملکر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا ہے،چین کے تجربات سے دنیا کو استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان سی پیک کے ذریعہ چین کے تجربات سے سیکھ رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گلوبل فورم کے انڈسٹریلائیزیشن اور ڈیجیٹل پینل سے خطاب کرتےہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ڈیجیٹل اور صنعتی انقلاب نے دنیا کی تاریخ پر دور رس اثرات مرتب کئے ہیں۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز نے مواصلات کے نظام میں انقلاب برپا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا ہے۔ آٹومیشن اور روبوٹس نے صنعت کے نظام میں ضم ہو کر پیداواریت کی صلاحیت کو ہوش ربا بنا دیا ہے ۔ یہ دور انڈسٹری 4.0 کا ہے جس نے کاروبار اور سٹارٹ اپس کے لئے نئے راستے ہموار کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈیجیٹل انقلاب سے پیدا ہونے والے امکانات کا فائدہ اٹھانا ہے ۔چین کے تجربات سے دنیا کو استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سی پیک کے ذریعہ چین کے تجربات سے سیکھ رہا ہے۔ حکومت پاکستان آر اینڈ ڈی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈنگ فراہم کر رہی ہے ۔ پاکستان میں عصرحاضر کے رحجانات اور تقاضوں کو مد نظر رکھ کہ مصنوعی ذہانت ، سائبر سکیورٹی ، آٹومیشن اور روبوٹکس بگ ڈیٹا اور کلائوڈ کمپیوٹنگ ، کوانٹم کمپیوٹنگ اور نینو ٹیکنالوجی پر نیشنل سینٹرز قائم کئے گئے ہیں ۔ پاکستان اورچین کے ادارے تحقیق ، صنعت اور اکیڈیمیا کے شعبوں میں شراکت اور تعاون کر رہے ہیں۔