سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی،پاکستان کی مذہبی اقلیتی برادری کی شدید مذمت

اسلام آباد:پاکستان کی مذہبی اقلیتی برادری بالخصوص مسیحی برادری نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کو جواز بنا کر اس طرح کے واقعات کو نہ ہی تحفظ دیا جاسکتا ہے اور نہ ہی انہیں قبول کیا جاسکتا ہے، وزیراعظم کے اعلان کردہ ملک گیر اور بین الاقوامی احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، اپنے مسلمان بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے موقف کی نہ صرف حمایت کرتے ہیں بلکہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق ممبر قومی اقلیتی کمیشن البرٹ ڈیوڈ ، ریورنڈ بشپ ندیم کامران بشپ آف لاہور ڈائسس چرچ آف پاکستان اور دیگر مسیحی مذہبی پیشوائوں نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے موثر بین الاقوامی قانون سازی کے حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر بھی شدت پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحانات کی روک تھام، بین المذاہب احترام ، رواداری اور برداشت کے رویوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں، ملک میں امن اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کے لیے اقلیتوں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، اظہار رائے کی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کے مذہبی جذبات مجروح کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتں بالخصوص پاکستانی مسیحی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب ایک دوسرے کے عقائد ونظریات کے احترام کا درس دیتے ہیں، سویڈن میں ہونے والا واقعہ فرد واحد کی گھنائونی حرکت ہے، ایسے لوگوں کا کسی بھی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، ایسے واقعات کا مقصد انتشار کی فضا پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر سویڈن میں ہونے والے واقعہ کو مسیحیوں سے جوڑ کر وطن عزیز میں مذہبی امن و امان اور بھائی چارے کو نقصان پہنچاکر اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔ انہوں نے علماءکرام اور تمام مذاہب کے رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ انتشار پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔