پاکستان سری لنکا کا حقیقی دوست

اسلام آباد : سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام 54ویں یو م دفاع پاکستان کے سلسلے میں ایک تقریب کولمبو میں منعقد ہوئی۔سری لنکا کے سیکرٹری دفاع جنرل (ر)شانتھا کوٹیگوڈا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔مہمان خصوصی جنرل (ر)شانتھا کوٹیگوڈا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سری لنکا کا حقیقی دوست ہے ،پاکستان نے دنیا کی بے رحم دہشت گرد تنظیم کے خاتمہ میں سری لنکا کی غیر مشروط حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی حکومت اور عوام پاکستان کی اخلاقی اور مادی حمایت کبھی بھی فراموش نہیں کرینگے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے مابین قریبی تعاون برقرار ہے ،بالخصوص سری لنکن فوجی اہلکاروں کو فوجی تربیت فراہم کرنے میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر)ڈاکٹر شاہد حشمت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان پر امن بات چیت کے زریعے تمام تنازعات حل کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی امن و استحکام کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اسے اقوام متحدہ کے قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنیکی ضرورت ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے سے متعلق اپنے وعدے پورے کریں۔ڈاکٹر شاہد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشیوریوں کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔قبل ازیں پاکستان کے دفاعی مشیر کرنل سجاد علی مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان سے دہشت گردی و شدت پسندی کے خاتمہ اور ملک میں امن و استحاکم قائم کرنے میں مسلح افواج کے کردار کو اجاگر کیا۔