پشاور سنٹرل پولیس آفس میں ریڈ زون کی سیکیورٹی کیلئے جدید نظام نصب

پشاور:ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لیےآرٹیفیشل انٹیلیجنس ( اے آئی) اور فیشل ریکگنیشن (ایف آر) پر مبنی جدید مانیٹرنگ اور رسپانس کے خود کار نظام کا افتتاح کر دیا گیا۔ سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لئے قائم کئے گئے “کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر” کا افتتاح کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے کیا۔ سنٹرل پولیس آفس پہنچنے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے ان کا استقبال کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ مہمان نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ مہمان خصوصی کو نئے قائم شدہ ریڈزون کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔ واضح رہے کہ یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا سیکیورٹی کا جدید نظام ہے۔ نیا قائم شدہ نظام جدید خود کار شناخت اور سیکیورٹی کا جدید ترین مربوط خود کار نظام ہے۔ اور اس کے قیام کا بنیادی مقصد ریڈزون میں واقع عمارات اور دفاتر کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا اور رجسٹرڈ ملازمین کے داخلے کے نظام کو خود کار بنانا ہے۔ مانیٹرنگ کا یہ نظام جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس نظام پر قائم کیا گیا ہے۔ یہ نظام گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی شناخت، وزیٹر اور بہترین مواصلاتی نظام پر مشتمل ہے۔ اس جدید نظام میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کیمرے اور دیگر مواصلاتی آلات نصب کئے گئے ہیں جس کے ذریعے چہروں کی شناخت، گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی خود کار شناخت(ANPR) ، گاڑیوں کے نیچے چیکنگ(UVSS ) اور Intrusion Dectection کے کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ جن کے ذریعے گاڑیوں کی چیکنگ، مطلوب افراد اور مطلوب گاڑیوں کی شناخت کا خود کار نظام ہے جس کے تحت کسی بھی مشکوک شخص یا گاڑی کے ریڈ زون میں داخلے پر الارم جنریٹ کیا جاتا ہے۔ جس سے تمام فیلڈ افسران کو مطلوب شخص اور گاڑی کو پکڑنے کے لیے فوری مطلع کیا جاتا ہے۔ اسی طرح ریڈ زون میں زبردستی داخلے کو روکنے کےلئے روڈ بلاکرز، ٹائرز برسٹ اور ٹرن سٹائل گیٹ نصب کردیئے گئے ہیں۔سینٹرل پولیس آفس پشاور میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر ریڈ زون کی حدود میں سنٹرل جیل گیٹ پشاور سے لیکر پولیس لائنز مین گیٹ، سول سیکرٹریٹ، گورنر ہاﺅس، سپیکر ہاﺅس، چیف منسٹر ہاﺅس اور سیکرٹریٹ اور دیگر اہم عمارات شامل ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اس سے اگر ایک طرف فیلڈ کمانڈروں سے بیک وقت فوری رسائی ممکن ہوسکے گی تو دوسری طرف درپیش کسی بھی ایمرجنسی/کرائسز سے نمٹنے کے لیے پولیس کی آپریشنل صلاحیتیں بھی مزید بہتر ہوگی۔ مہمان خصوصی نے خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے نئے قائم شدہ جدید سیکیورٹی نظام پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور پولیس فورس کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔