یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکسلا میں زیرتعلیم مقبوضہ کشمیر کے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسراحسن اقبال نے کہا ہے کہ ا نجینئرز کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی اور سرمایہ کی حیثیت رکھتے ہیں ،ہمیں علم کے شعبہ میں نشاط ثانیہ کی ضرورت ہے ، کشمیر کی آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے ، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکسلا میں زیرتعلیم مقبوضہ کشمیر کے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ میری مادر علمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے ، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری ہے ، کشمیرکے نوجوان بھارتی تسلط کے خلاف آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ،کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ا نجینئرز کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی اور سرمایہ کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈگری کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل اکانومی میں دسترس و ہنر مندی بھی نہایت اہمیت اختیارکر چکےہیں ، مصنوعی ذہانت نے ہرشعبہ میں انقلاب برپا کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے تقاضوں سے نمٹنے کے لئے انجینئرنگ یونیورسٹیاں طلباء کو نئے علوم و مہارتوں سے لیس کریں ، ہمارے مستقبل کی ترقی کا انحصار نوجوان نسل پر ہے ، پروفیسرز یونیورسٹیوں میں نوجوان نسل میں آگے بڑھنے ، محنت ولگن ، تحقیق کے جذبہ کی ترغیب دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امت کی تنزلی کی وجہ جدت و سائنسدانوں کی کمی ہے ، ہمیں علم کے شعبہ میں نشاط ثانیہ کی ضرورت ہے ۔