سوشل میڈیا پر شرانگیزی،ایف آئی اے کا عادل راجہ کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ

اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بیرون ملک مقیم سوشل میڈیا پر متحرک شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عادل راجہ کی گرفتاری کیلئےانٹرپول کو ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کردی۔تفصیلات کے مطابق بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے اداروں کی خلاف ہرزہ سرائی کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 361 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی۔ذرائع نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم سوشل میڈیا پر متحرک شرپسندوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ایف آئی اے نے ناقدین کو گرفتار کرکے لانے کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرلیا ہے۔ایف آئی اے نے بتایا کہ اکاؤنٹس ٹریک کرکےسائبر کرائم ایکٹ کےتحت مقدمات کئےجائیں گے اور مقدمات کے اندراج کے بعد ملزمان کو انٹرپول کی مدد سے واپس لایا جائے گا۔ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ عادل راجہ کی گرفتاری کیلئےانٹرپول کو ریڈ نوٹس جاری کرنےکی درخواست کردی، عادل راجہ کو جلد گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے گا۔ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر شرانگیزی کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کا لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے