آئی ٹی ایکسپورٹ میں مئی 2023 کے دوران ریکارڈ 28 فیصد اضافہ

اسلام آباد:آئی ٹی ایکسپورٹ میں مئی 2023 میں ریکارڈ 28 فیصد اضافہ ہو ا ہے ۔یہ اضافہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سید امین الحق کی ہدایت پر وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن کی مشترکہ تجاویز اور متعلقہ فورمز پر مختلف اجلاس کا نتیجہ ہے جس میں ایف بی آر، اسٹیٹ بینک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو آئی ٹی سیکٹر کی اہمیت و افادیت سے اور ٹیکس مراعات سے حاصل ہونے والے فوائد سے نہ صرف آگاہی دی گئی بلکہ اسے منظور کروایا گیا۔اعدادو شمار کے مطابق مئی 2023 میں آئی ٹی ایکسپورٹس سالانہ بنیادوں پر 28.26 فیصد کے ریکارڈ اضافے کے ساتھ 23 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز تک جاپہنچیں۔ گذشتہ سال مئی میں یہ حجم 18 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کا تھا۔رواں مالی سال کے 11 ماہ ( یکم جولائی 2022 تا 31 مئی 2023) میں آئی ٹی ایکسپورٹ کا مجموعی حجم 0.59 فیصد کی معمولی کمی کے ساتھ 2 ارب 36 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران یہ حجم 2 ارب 38 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تھا۔