وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا کے قبا ئلی اضلاع کیلئے بجٹ میں خصوصی ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کیلئے بجٹ میں خصوصی ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکانِ قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیر اعظم محمد شہباز سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری، ممبران قومی اسمبلی محسن داوڑ اور محمد جمال الدین شامل تھے ۔ملاقات میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کےضم شدہ اضلاع کے لوگوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی نے وزیرِ اعظم کو بجٹ کے حوالے سے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے مسائل کےحل کیلئے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر تجاویز دیں۔وزیرِ اعظم نے ان تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان پر مشاورت کرکے انہیں بجٹ میں شامل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔